تہران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے، ایک ہی افغان خاندان کے 6 افراد جاں بحق
شہرِ ری میں مقیم خاندان نشانہ بن گیا، مجموعی طور پر 10 افراد ہلاک، ایران میں مقیم افغان مہاجرین کی سلامتی پر شدید تشویش

تہران (ڈیلی قدرت نیوز) ایران کے دارالحکومت تہران پر امریکا اور اسرائیل کے تازہ ترین حملوں کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہوا ہے، جس میں افسوسناک طور پر ایک ہی افغان خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق، یہ متاثرہ خاندان تہران کے علاقے ‘شہرِ ری’ میں مقیم تھا اور جاں بحق ہونے والے تمام افراد آپس میں قریبی رشتہ دار تھے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا ہے کہ ان ہلاکت خیز حملوں میں مجموعی طور پر 10 افراد لقمہ اجل بنے ہیں، جن میں 6 افغان شہری بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایران کے مختلف علاقوں پر ہونے والے حملوں کے دوران ایک اور افغان شہری کے جاں بحق ہونے کی اندوہناک اطلاع سامنے آئی تھی۔
ان حالیہ حملوں اور جانی نقصان کے بعد ایران میں مقیم افغان مہاجرین کی بڑی تعداد میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ ایران میں لاکھوں کی تعداد میں افغان مہاجرین موجود ہیں، اور موجودہ جنگی صورتحال کے پیش نظر ان جنگ زدہ علاقوں میں مقیم پناہ گزینوں کی سلامتی اور مستقبل کے حوالے سے عالمی اور علاقائی سطح پر تشویش میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
