خضدار ضمنی انتخاب میں سیاسی ہلچل:گزشتہ 40 سالوں سے عوام کو نظر انداز کیا گیا، مومن ایک سوراخ سے دو بار نہیں ڈسا جاتا: نواب ثناء اللہ زہری کا دھواں دھار خطاب
گزشتہ 40 سالوں سے عوام کو نظر انداز کیا گیا، مومن ایک سوراخ سے دو بار نہیں ڈسا جاتا: نواب ثناء اللہ زہری

خضدار (ڈیلی قدرت نیوز) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف آف جھالاوان، نواب ثناء اللہ خان زہری نے خضدار کے علاقے ‘خلق جھالاوان’ میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے حلقہ این اے 256 (NA-256) کے ضمنی انتخابات کی مہم میں باقاعدہ جان ڈال دی ہے۔ انہوں نے پنڈال میں موجود عوام کے سامنے اعلان کیا کہ انہیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے یہ خصوصی ٹاسک سونپا گیا ہے کہ وہ پی پی پی کے امیدوار میر شفیق الرحمٰن مینگل کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔
نواب ثناء اللہ خان زہری نے اپنے خطاب میں حدیثِ مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “مومن ایک سوراخ سے دو بار نہیں ڈسا جاتا”۔ انہوں نے خضدار کے باشعور عوام کو مخاطب کرتے ہوئے زور دیا کہ گزشتہ 40 سالوں سے ایک ہی طرز کی روایتی سیاست کے ذریعے عوام کو مسلسل نظر انداز اور محروم رکھا گیا ہے، لہٰذا اب وقت آ گیا ہے کہ عوام ہوشیار ہوں اور اپنے مستقبل کے لیے درست نمائندے کا انتخاب کریں۔
سابق وزیراعلیٰ نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کی اس اہم ترین نشست پر طویل عرصے سے ایک ہی مخصوص طبقہ کامیاب ہوتا آیا ہے، مگر افسوس کہ انہوں نے آج تک خضدار کے عوام کو کوئی ایک بھی میگا پراجیکٹ نہیں دیا۔ اس کے برعکس، انہوں نے اپنے دورِ وزارتِ اعلیٰ کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے یاد دلایا کہ انہوں نے خضدار کی تعمیر و ترقی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے ‘سکندر یونیورسٹی’ اور ‘جھالاوان میڈیکل کالج’ جیسے تاریخی منصوبے شروع کیے اور مقامی سطح پر روزگار کے بے شمار مواقع فراہم کیے۔
