جھٹکا یا ریلیف؟ گاڑی مالکان کیلئے بڑی خبر سامنے آگئی


کراچی (قدرت روزنامہ) کراچی میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس لگانے کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا۔
ترجمان سندھ پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایات پر شہریوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں بشمول موٹرسائیکلوں پر حکومت سے منظور شدہ نمبر پلیٹس ضرور لگائیں۔
سندھ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں قانون کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن مہم شروع کر رہی ہے۔ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر پہلے 30 مارچ کی ڈیڈ لائن میں توسیع کی گئی تھی اور اب اسے یکم اپریل 2026 تک دیا جا رہا ہے۔
سندھ پولیس کے ترجمان نے واضح کیا کہ مہم کا باقاعدہ آغاز یکم اپریل 2026 سے کیا جائے گا، جس کے دوران پرائیویٹ، فینسی یا غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے اور ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنی چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس فوری طور پر درست کرائیں اور کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے صرف حکومت سے منظور شدہ نمبر پلیٹس استعمال کریں۔
یاد رہے کہ 24 مارچ 2026 کو ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایات پر عوام کو آگاہ کیا گیا تھا کہ وہ اپنی گاڑیوں پر حکومت سے منظور شدہ نمبر پلیٹس ضرور لگائیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پرائیویٹ، فینسی یا غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس کا استعمال قانون کے مطابق ممنوع ہے جس سے نہ صرف شناخت میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں بلکہ سیکیورٹی خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق شہر میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی جانب سے 30 مارچ 2026 سے باقاعدہ کریک ڈاؤن مہم شروع کی جا رہی ہے۔ اس مہم کے دوران پرائیویٹ یا فینسی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق قانونی کارروائی کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert