ڈونلڈ ٹرمپ کے سعودی ولی عہد سے متعلق نازیبا کلمات، مولانا فضل الرحمٰن کا ردعمل، امریکی صدر کو نیا نام دیدیا
سعودی ولی عہد کی توہین امت مسلمہ کی تذلیل ہے، ٹرمپ تہذیب سیکھیں، امریکہ کا ایسے شخص کو صدر بنانا سوالیہ نشان ہے، مولانا فضل الرحمٰن کی مذمت

اسلام آباد (ڈیلی قدرت نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے سعودی ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے توہین آمیز جملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پوری امت مسلمہ کی توہین قرار دے دیا ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو بنیادی انسانی حقوق اور تہذیب سیکھنے کی ضرورت ہے، امریکہ کا ایسے فاتر العقل شخص کو بطور صدر مسلط کرنا خود ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام مسلم حکمران اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں اور اسلامی بلاک کو امریکہ و اسرائیل کے گٹھ جوڑ کے مقابلے میں ایک مضبوط آواز بن کر سامنے آنا ہوگا۔ واضح رہے کہ میامی میں منعقدہ سعودی انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حوالے سے انتہائی سخت اور نازیبا انداز میں گفتگو کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ محمد بن سلمان کو ابتدا میں یہ اندازہ نہیں تھا کہ انہیں امریکی صدر کی تعریف کرنی پڑے گی کیونکہ وہ انہیں سابق امریکی صدور کی طرح ایک کمزور قیادت سمجھ رہے تھے، تاہم اب سعودی ولی عہد کو ان کے ساتھ احترام سے بات کرنا پڑتی ہے اور انہیں مستقبل میں بھی ایسا ہی کرنا ہوگا۔ صدر ٹرمپ کے اس بیان کو عالمی سطح پر سفارتی آداب کے مکمل طور پر خلاف قرار دیا جا رہا ہے۔
