شائقین کیلئے اہم خبر، آل راؤنڈر صائم ایوب کا فیصلہ سامنے آ گیا

لاہور (قدرت روزنامہ) حیدرآباد کنگزمین کے آل راؤنڈر صائم ایوب نے کہا ہے کہ آؤٹ آف فارم ہونا ان کے لیے پریشانی نہیں بلکہ ایک نیا چیلنج ہے، جسے وہ سیکھنے کے مواقع کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صائم ایوب نے کہا کہ ان کی توجہ صرف نتائج پر نہیں بلکہ کھیل کے عمل سے تجربہ حاصل کرنے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئی ٹیم میں شمولیت کے بعد ماحول توقع سے بہتر ہے اور وہ پہلے بھی ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل چکے ہیں، جن میں ملکی اور غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔ صائم ایوب نے کہا کہ کپتان مارنس لیبوشگن خوش مزاج اور دوستانہ ماحول بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے کھیل کا تجربہ مزید دلچسپ ہوتا جا رہا ہے۔
صائم ایوب نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں جارحانہ انداز اپنانے پر زور دیا ہے تاکہ کھلاڑیوں میں جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی عادت پیدا ہو۔ آؤٹ آف فارم ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ یہ ان کے کیریئر کا حصہ ہے اور وہ اس دوران اپنی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نتائج کی پرواہ کیے بغیر کھیل کے عمل پر توجہ دے کر اپنے کھیل کو بہتر بنانے میں مصروف ہیں۔
