وزیراعظم شہباز شریف اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ، مشرق وسطیٰ کی کشیدگی اور پاک یورپی یونین تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف کو یورپی کونسل کے صدر جناب انتونیو کوسٹا کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی ہے جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے انتہائی خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور پاکستان و یورپی یونین کے باہمی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی اور اس کے عالمی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ موجودہ بحران کا حل صرف مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کونسل کے صدر کو مشرق وسطیٰ کے بحران میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی ثالثی کی کوششوں اور اس حوالے سے ہونے والی تازہ ترین پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
یورپی کونسل کے صدر نے پاکستان کی ان امن کوششوں کی بھرپور تائید کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یورپی یونین خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے کیے جانے والے تمام سفارتی اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ان تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، انہوں نے گزشتہ ماہ برسلز کا طے شدہ دورہ مؤخر ہونے کا ذکر بھی کیا جس پر یورپی کونسل کے صدر نے کہا کہ وہ باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر وزیراعظم کا برسلز میں خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں۔
جی ایس پی پلس کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ وہ 28 اور 29 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پہلے ‘پاکستان-یورپی یونین بزنس فورم’ کا افتتاح کرنے کے منتظر ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے یورپی کمیشن کی صدر محترمہ ارسلا وان ڈیر لیئین کے لیے بھی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
