خاران: سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی، ‘فتنہ الہندوستان’ کے 4 دہشت گرد ہلاک، 2 گرفتار

خاران(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف ایک موثر کارروائی کرتے ہوئے ‘فتنہ الہندوستان’ سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، خفیہ اطلاع پر کیے گئے اس آپریشن کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے چار کارندے موقع پر ہی مارے گئے جبکہ دو دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔کارروائی کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا ہے اور مزید کسی ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
پکڑے گئے زخمی دہشت گردوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
