سبی: پہاڑی علاقوں میں شدید بارشیں، دریائے ناڑی میں 92 ہزار کیوسک کا اونچے درجے کا سیلابی ریلہ

سبی(قدرت روزنامہ)سبی اور اس کے گردونواح کے پہاڑی علاقوں میں ہونے والی حالیہ شدید بارشوں کے بعد دریائے ناڑی میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ محکمہ ایری گیشن کے مطابق، بارشوں کے باعث دریا میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہوئی ہے اور اس وقت ناڑی ہیڈ ورکس کے مقام پر 92,000 کیوسک کا اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے۔
سیلاب کی اس سنگین صورتحال نے نشیبی علاقوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔شدید سیلابی ریلے کے باعث بکھڑا غلام بولک کے بچا بند پر پانی کا دبا انتہائی بڑھ گیا ہے، جس سے قریبی آبادیوں کے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
محکمہ ایری گیشن اور ضلعی انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور حفاظتی بندوں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے دریا کے قریب رہنے والے مکینوں کو محتاط رہنے اور ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
