این اے 256 خضدار کے انتخابات ملتوی کرنا حکومتی بوکھلاہٹ ہے: جمعیت علما اسلام بلوچستان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ نے ایک تندوتیز بیان میں این اے 256 خضدار کے انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اسے حکومتی بوکھلاہٹ قرار دیا ہے۔
انہوں نے موقف اختیار کیا کہ جب دھاندلی اور انتخابی نتائج میں ہیر پھیر کے تمام راستے بند ہو گئے، تو حکومت نے شکست کے خوف سے الیکشن سے راہِ فرار اختیار کر لی۔ آغا محمود شاہ کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کی متعدد نشستوں پر مبینہ قبضے اور انتخابی چوری کے باوجود خضدار کے عوام نے ‘فارم 47 مافیا کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، جس کے باعث حکمران اب غیر جمہوری ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی عمل میں اس طرح کی مداخلت عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے اور جے یو آئی اسے کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔
انہوں نے الیکشن کمیشن اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ خضدار میں فوری طور پر شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام اپنے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کر سکیں۔ آغا محمود شاہ نے واضح کیا کہ عوامی اور جمہوری قوتیں کسی بھی غیر آئینی اقدام کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی اور حقِ رائے دہی پر شب خون مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
