کوئٹہ ‘پشتون آباد: کلی بادیزئی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ، ایک شخص شدید زخمی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ کے علاقے تھانہ پشتون آباد کی حدود کلی بادیزئی میں رات گئے ڈکیتی کی ایک سنگین واردات پیش آئی ہے، جس میں مسلح چوروں کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق کلی بادیزئی کے رہائشی نصیب اللہ ولد نیاز محمد بادیزئی سے تین موٹر سائیکل سوار چوروں نے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی۔
اس دوران جب نصیب اللہ نے ہمت دکھاتے ہوئے مزاحمت کی، تو ملزمان نے بے دریغ فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔واقعے کے فورا بعد زخمی کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹرز اس کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ ہو چکا ہے، جس سے شہریوں کا جان و مال غیر محفوظ ہے۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے، تاہم تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
