صادق سنجرانی کا نوکنڈی کا دورہ، شہر کے لیے جامع ‘ماسٹر پلان’ بنانے کا اعلان

نوکنڈی (قدرت روزنامہ)سابق چیئرمین سینیٹ اور رکن صوبائی اسمبلی چاغی، محمد صادق سنجرانی نے نوکنڈی بازار اور بائی پاس کا اچانک دورہ کیا اور دکانداروں سمیت عام عوام سے براہِ راست ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع چاغی کے عوام نے جس بھرپور اعتماد کے ساتھ انہیں کامیاب کیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
انہوں نے نوکنڈی کو ایک مثالی، صاف ستھرا اور جدید سہولیات سے آراستہ شہر بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جلد ہی عوامی مشاورت سے شہر کے لیے ایک جامع ‘ماسٹر پلان’ پر کام شروع کیا جائے گا۔محمد صادق سنجرانی نے ٹرانسپورٹرز اور عوام کی سہولت کے لیے نوکنڈی بائی پاس منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس اہم پراجیکٹ کے لیے صوبائی حکومت سے 36 کروڑ روپے کی منظوری لی جائے گی تاکہ ٹریفک کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہو سکیں۔
نادرا سے بلاک شدہ شناختی کارڈز کے سنگین مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی دارالحکومت سے ایک خصوصی ٹیم جلد چاغی کا دورہ کرے گی تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوکنڈی ان کا آبائی علاقہ ہے اور یہاں تعلیم و صحت کی سہولیات کی فراہمی ان کے وژن کا حصہ ہے۔ عوامی حلقوں نے ایم پی اے چاغی کی جانب سے خود عوام کے درمیان آکر مسائل سننے کے اقدام کو بھرپور سراہا ہے۔
