بلوچستان کے 8 اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 32 دہشت گرد ہلاک، 11 گرفتار

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے آٹھ مختلف اضلاع بشمول پنجگور، خاران، قلات، مستونگ، تربت اور کوئٹہ میں دہشت گردوں کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی اور کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔ ان آپریشنز کے دوران کالعدم بی ایل اے کے 32 دہشت گرد ہلاک، 17 زخمی اور 11 کو زندہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سب سے اہم کامیابی پنجگور میں ملی جہاں بی ایل اے کا کلیدی کمانڈر نذیر عرف چاکر اپنے 7 ساتھیوں سمیت مارا گیا، جبکہ خاران میں جدید ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے دہشت گردوں کی گاڑی کو نشانہ بنا کر 4 شرپسندوں کو ہلاک کیا گیا۔گرفتار ہونے والے دہشت گردوں نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں افغانستان کے صوبوں کنڑ اور قندھار میں قائم لانچ پیڈز سے پاکستان بھیجا گیا تھا۔ واشک اور قلات میں پکڑے گئے ٹرکوں سے افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، جو سرحد پار سے ملنے والی براہِ راست سہولت کاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ اور عسکری ترجمان نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ بننے والے عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ ان کامیاب کارروائیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی انٹیلیجنس اور عسکری قوت کے سامنے بیرونی بیساکھیوں پر چلنے والی دہشت گردی اب آخری سانسیں لے رہی ہے۔
