زیارت اور بارکھان میں طوفانی بارش و برفباری، باغات اور مکانات کو شدید نقصان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے مختلف اضلاع زیارت، بارکھان اور سنجاوی میں گزشتہ روز سے جاری طوفانی بارشوں، شدید ژالہ باری اور برفباری نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ زیارت اور گردونواح میں رات بھر جاری رہنے والی ژالہ باری اور تین انچ تک برفباری کے باعث سیب اور چیری کے باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس سے مقامی کاشتکاروں کو بھاری مالی خسارے کا سامنا ہے۔
اسی طرح ضلع بارکھان اور رکنی میں موسلا دھار بارش اور تیز ہواں کے باعث کئی مکانات کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں، جبکہ کوڈی زکرانی کے مقام پر سیلابی ریلہ لاکھوں روپے مالیت کی سولر پلیٹیں بہا کر لے گیا، جس سے زراعت اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔دوسری جانب سنجاوی میں رات بھر کی بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے اور پہاڑی علاقوں سے آنے والے ریلے مقامی ڈیموں میں داخل ہو رہے ہیں۔
اگرچہ اس بارش سے زیرِ زمین پانی کی سطح بلند ہونے کی امید ہے اور زمینداروں میں خوشی کی لہر دوڑی ہے، تاہم متعدد رابطہ سڑکیں زیرِ آب آنے سے آمد و رفت کا نظام معطل ہو گیا ہے۔ انتظامیہ نے تمام متاثرہ علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا ہے اور شہریوں کو ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
