مریم نواز کو ’ملکہ‘ قرار دینے پر نسیم شاہ کی شامت آگئی: پی سی بی کا بڑا ایکشن، فیصلہ سنادیا
وزیر اعلیٰ مریم نواز سے متعلق ٹویٹ اور سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی، نسیم شاہ پر 2 کروڑ روپے جرمانہ، پی سی بی ڈسپلنری کمیٹی کا حتمی فیصلہ

لاہور (ڈیلی قدرت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ڈسپلنری کمیٹی نے قومی ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ پر سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر 2 کروڑ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ کارروائی پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کی شرکت سے متعلق ایک ٹویٹ کرنے اور انہیں ‘ملکہ’ قرار دینے پر عمل میں لائی گئی ہے۔ بورڈ نے اس معاملے پر نسیم شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، جس کے بعد فاسٹ بولر نے ڈسپلنری کمیٹی کو اپنا جواب جمع کروایا اور وہ کمیٹی کے سامنے پیش بھی ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ نسیم شاہ نے مذکورہ ٹویٹ کے بعد یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ ان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا، تاہم پی سی بی کی ڈسپلنری کمیٹی نے اسے معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے جرمانے کا فیصلہ سنا دیا ہے۔
