پاکستان میں کہاں کہاں شدید بارشیں ہونگی ؟ این ڈی ایم اے نے ہنگامی ریڈ الرٹ جاری کر دیا، اگلے 24 گھنٹوں میں شدید بارشوں، طوفان اور خطرناک سیلاب کی وارننگ

این ڈی ایم اے کا ملک گیر الرٹ: شدید بارشیں، آندھی، ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان، گلیشائی جھیلیں پھٹنے اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بڑا خطرہ، انتظامیہ ہائی الرٹ


اسلام آباد (ڈیلی قدرت نیوز) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر کے لیے ممکنہ طور پر انتہائی خراب موسمی صورتحال کے حوالے سے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے، جو کہ این ای او سی کی جانب سے جنوری میں جاری کردہ متوقع موسمی جائزے کے عین مطابق ہے۔ این ڈی ایم اے کا این ای او سی سینٹر موسمیاتی خطرات اور قدرتی آفات کے حوالے سے 6 ماہ قبل پیشگی انتباہ جاری کرنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے اور نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک کو درپیش خطرات پر بھی نظر رکھتا ہے۔ تازہ ترین الرٹ کے مطابق اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور آندھی جھکڑ کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی و پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔ شمالی علاقہ جات میں مسلسل بارشوں کے باعث گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) سے سیلابی صورتحال کا سنگین خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان، پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی، طوفان اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گوجر خان، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، لاہور، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، فیصل آباد، قصور، اوکاڑہ، بہاولپور، بوریوالا، ملتان، ڈی آئی خان، نارووال، چنیوٹ، ننکانہ صاحب، پاک پتن اور ساہیوال میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے بالائی اور جنوبی علاقوں بشمول چترال، دیر، سوات، کالام، منگورہ، بٹگرام، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، وزیرستان اور لکی مروت میں بھی جھکڑ چلنے اور بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے تمام اضلاع بشمول اسکردو، ہنزہ، مظفرآباد، وادی نیلم اور میرپور میں بھی بادل برسیں گے۔ بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، چمن، کوہلو، ڈکی اور ہرنائی جبکہ سندھ میں کراچی، ٹھٹہ، بدین، سجاول، عمر کوٹ، حیدر آباد اور میرپور خاص میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ اپریل کے پہلے عشرے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا جس کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ اور نشیبی علاقوں میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال متوقع ہے، جبکہ ڈی جی خان، ٹانک، بنوں، لکی مروت، کوہاٹ، کرک، ملاکنڈ، وزیرستان، کوئٹہ، ژوب اور سبی کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ پنجاب میں ڈی جی خان اور سلیمان رینج کے برساتی نالوں میں بہاؤ بڑھے گا جبکہ راولپنڈی، لاہور اور ملتان جیسے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور نکاسی آب کی مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ تیز ہواؤں، بجلی گرنے اور ژالہ باری سے کمزور تعمیرات اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے شہری درختوں اور کھمبوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کے خطرات کے باعث سفر سے قبل سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔

WhatsApp
Get Alert