ایران سے ترکی پر چھوتا مزائیل حملہ ناکام ‘ نیٹو دفاعی سسٹم نے مزائیل تباہ کیا ‘ وزارت دفاع
ترکیہ کی فضائی حدود میں ایرانی میزائل کی انٹری، نیٹو نے تباہ کر دیا، ٹرمپ کی ایران کے آئل فیلڈز اور پاور پلانٹس اڑانے کی دھمکی، حئیفا ریفائنری میزائل حملے کے بعد آگ کے گولے میں تبدیل

انقرہ (ڈیلی قدرت نیوز) ترکیہ کی وزارت دفاع کے مطابق ایران سے داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل ترک فضائی حدود میں داخل ہو گیا جسے بحیرہ روم کے مشرقی حصے میں تعینات نیٹو کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام نے کامیابی سے مار گرایا ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایران جنگ کے آغاز کے بعد سے یہ اپنی نوعیت کا چوتھا واقعہ ہے، اس سے قبل رواں ماہ کے شروع میں بھی نیٹو کے نظاموں نے تین ایرانی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا تھا جس پر انقرہ نے تہران سے شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے خبردار بھی کیا تھا۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر جاری ایک پیغام میں ایران کو سخت ترین دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز کو ‘فوری طور پر’ کھولنے کا معاہدہ طے نہ پایا تو امریکہ ایران کے پاور پلانٹس، پانی صاف کرنے والے پلانٹس، تیل کے کنوؤں اور جزیرہ خارگ کو بمباری کر کے اڑا دے گا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ جنگ کے خاتمے کے لیے ایک ‘زیادہ معقول حکومت’ کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کر رہا ہے لیکن معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں وہ سخت ترین فوجی کارروائی کریں گے۔ ادھر اسرائیل کے ساحلی شہر حئیفا میں ایک میزائل حملے کے بعد ‘بازان ریفائنری’ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی ہے، اسرائیلی میڈیا پر نشر ہونے والی فوٹیج میں ریفائنری سے آگ کے بلند شعلے نکلتے دیکھے جا سکتے ہیں، واضح رہے کہ یہ ریفائنری ایران جنگ کے دوران پہلے بھی حملوں کا نشانہ بن چکی ہے۔
