’ 50لاکھ گھر اور 10 لاکھ نوکریاں کہاں گئیں؟‘ پی ٹی آئی رکن اسمبلی کی اپنی حکومت پر سخت تنقید


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی عبدالکریم تورڈھیر نے اسمبلی اجلاس کے دوران اپنی ہی صوبائی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اسمبلی اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے سوال اٹھایا کہ 50 لاکھ گھروں اور 10 لاکھ نوکریوں کے وعدے، نیز سیاحت اور آئی ٹی کے منصوبے کہاں گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ اجلاس میں حقائق بیان کرنے پر مشیر خزانہ مزمل اسلم ناراض ہوگئے تھے۔
عبدالکریم تورڈھیر نے الزام لگایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) سے ان کے حلقے کی اسکیمیں نکال دی جاتی ہیں اور ترجیحات کے تعین میں امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پک اینڈ چوز کی پالیسی ختم کر کے سب کے ساتھ انصاف کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع صوابی صوبے میں سب سے زیادہ آمدن دینے والے اضلاع میں شامل ہے مگر اس کے باوجود وہاں کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
ان کے مطابق کرک میں کینسر کے کیسز بڑھ رہے ہیں لیکن وہاں اے گریڈ اسپتال موجود نہیں۔
رکن اسمبلی نے کہا کہ صوبہ سستی بجلی پیدا کر رہا ہے مگر نظام کو اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا، جبکہ دریاؤں میں غیر قانونی طور پر مچھلیاں پکڑی جا رہی ہیں اور اس حوالے سے کوئی مؤثر نظام موجود نہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مؤثر قانون سازی کی جائے اور عوام کو ان کے حقوق فراہم کیے جائیں، بصورت دیگر گڈ گورننس صرف دعوؤں اور پریزنٹیشنز تک محدود رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert