25 ارب روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کا کیس: ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی عبوری ضمانت بحال
، اسلام آباد ہائی کورٹ کا ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم، وکیل نعیم بخاری کے دلائل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی کی بڑی بہن اور معروف ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت بحال کر دی ہے۔ جسٹس محمد اعظم خان نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت بحال کرتے ہوئے انہیں ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ڈاکٹر فضیلہ عباسی اپنے وکیل نعیم بخاری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں، جہاں ان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی تین مرتبہ عدالت کے سامنے پیش ہوئیں، تاہم صرف ایک مرتبہ پیش نہ ہونے اور تین دن کا میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کرانے پر ان کی ضمانت خارج کر دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی پر اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا سنگین الزام ہے اور ایف آئی آر کے مطابق ان کے 22 بینک اکاؤنٹس میں تقریباً 25 ارب روپے کی خطیر رقم جمع کرائی گئی، جسے بعد ازاں دبئی اور امریکہ منتقل کیا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ اس رقم کے اصل ذرائع تاحال واضح نہیں ہو سکے۔
دوسری جانب اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنی بہن کے خلاف جاری منی لانڈرنگ کی تحقیقات سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا نام اس مقدمے سے منسلک نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی بہن ایک کامیاب پروفیشنل ہیں اور بطور بھائی وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں، لیکن ان کے قانونی اور پیشہ ورانہ معاملات سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
