عمرہ ویزہ پر جا کر بھیک مانگنے والا گروہ پکڑا گیا، فیصل آباد کے رہائشی گرفتار، ایجنٹ کینیڈا سے نیٹ ورک چلا رہا تھا، ایف آئی اے کا سنسنی خیز انکشاف


کراچی(قدرت روزنامہ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب میں سرگرم ایک منظم بھکاری نیٹ ورک کا پردہ چاک کر دیا ہے، جو بھیک مانگ کر حاصل کی گئی رقوم حوالہ ہنڈی کے ذریعے کینیڈا منتقل کر رہا تھا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق فیصل آباد کے رہائشی دو مسافر، محمد جمیل اور گڑیا بی بی، جب سعودی عرب سے کراچی پہنچے تو دورانِ کلیئرنس مشکوک پائے جانے پر انہیں روک لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ جہلم کے ایک ایجنٹ ‘کشمیر علی’ کے ذریعے عمرہ ویزہ پر سعودی عرب گئے تھے جہاں ان کا مقصد عبادت نہیں بلکہ بھیک مانگنا تھا۔
تفتیش کے دوران یہ چونکا دینے والا انکشاف ہوا کہ یہ گروہ انتہائی منظم انداز میں سعودی عرب میں بھیک مانگ کر خطیر رقم اکٹھی کرتا تھا اور پھر اس رقم کو حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی راستے سے کینیڈا میں مقیم ایک ایجنٹ کو منتقل کر دیا جاتا تھا۔ ملزمان نے ایک اہم سہولت کار افتخار عرف “وکیل” کا نام بھی اگل دیا ہے، جو مختلف ممالک میں لوگوں کو بھیک مانگنے کے لیے بھیجنے کا ماہر سمجھا جاتا ہے۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے قبضے سے ایک بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات، موبائل فونز سے رقوم کی منتقلی کی رسیدیں اور وائس نوٹس بھی برآمد کر لیے ہیں جن سے نیٹ ورک کی مکمل کارستانیوں کا ثبوت ملتا ہے۔ دونوں گرفتار مسافروں کو مزید قانونی کارروائی اور گہرائی سے تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں ان سے گروہ کے دیگر کارندوں کے بارے میں پوچھ گچھ جاری ہے۔

WhatsApp
Get Alert