سعودی کھجوریں دنیا بھر میں مقبول برآمدات کا حجم 1.7بلین ریال تک پہنچ گیا

ریاض(قدرت روزنامہ)سعودی نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس سعودی کھجوروں کی برآمدات بڑھانے اور عالمی مارکیٹوں میں رسائی آسان بنانے کے لیے موثر اقدامات کر رہا ہے، جس سے سعودی کھجوروں کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس کوشش کا مقصد برآمدات کا حجم بڑھانا، منافع میں اضافہ کرنا اور قومی معیشت کو وژن 2030 کے اہداف کے مطابق مضبوط بنانا ہے۔
نیشنل سینٹر نے بتایا کہ جرمنی کے مختلف شہروں کی بڑی مارکیٹوں میں سعودی کھجوروں کی نمایاں موجودگی دیکھی جا رہی ہے۔ اعلی معیار، ذائقے اور مختلف کھانوں میں استعمال کی وجہ سے یہ کھجوریں صارفین کی پسند میں شامل ہو گئی ہیں۔
جرمن خریداروں نے سعودی کھجوروں کی تعریف کی اور انہیں اپنی روزمرہ کی خریداری میں شامل کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
اس اقدام کے تحت سعودی عرب کی دس بڑی کمپنیوں کی مصنوعات 14 سے زائد ممالک کی 15 بڑی ریٹیل چینز کی ڈیڑھ ہزار سے زیادہ شاخوں میں دستیاب ہیں۔
گزشتہ برسوں میں مملکت میں کھجور کے شعبے میں غیرمعمولی ترقی دیکھی گئی ہے، جس کی وجہ برآمدات اور پیداوار میں اضافہ ہے۔ سعودی عرب میں کھجور کی پیداوار 1.9 ملین ٹن سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ برآمدات کا حجم 1.7 بلین ریال تک پہنچ گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق سعودی کھجوریں دنیا کے 125 ممالک میں برآمد کی جا رہی ہیں۔
جرمن ریٹیل مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی مقبولیت سعودی کھجور کی دیگر بین الاقوامی مارکیٹوں میں رسائی بڑھانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
