عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، نواب ثناءاللہ زہری
جھالاوان کے عوام کی خدمت اور علاقے کی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، قبائلی عمائدین سے بات چیت

نواب زہری سے وفود کی ملاقاتیں، نوابزادہ امیر حمزہ زہری کی عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی
خضدار(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف آف جھالاوان نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا ہے کہ جھالاوان کے عوام کی خدمت اور علاقے کی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ خضدار کو پیپلز پارٹی کا دوسرا مضبوط قلعہ بنایا جائے گا، جو لاڑکانہ کے بعد پارٹی کا اہم مرکز بنے گا۔

ان خیالات کا اظہار خلق جھالاوان خضدار میں مختلف قبائلی عمائدین، پیپلز پارٹی خواتین ونگ اور دیگر وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی مشیر برائے بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ملاقات کے دوران وفود نے اپنے علاقوں کے بنیادی مسائل اور درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ سابق وزیر اعلی نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا کہ خضدار کے عوام کی خدمت اور محرومیوں کا ازالہ ان کا مشن ہے، اور وہ عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حلقے کے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ترقیاتی کاموں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے بھی عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی، خلق جھالاوان میں پیپلز پارٹی شعبہ خواتین ضلع خضدار کی صدر امام زادی زہری کی قیادت میں خواتین کے ایک وفد نے بھی نواب ثناءاللہ خان زہری سے ملاقات کی۔

وفد نے پارٹی سرگرمیوں اور خواتین کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی نواب ثناءاللہ خان زہری نے خواتین ونگ کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے خواتین کو ہر سطح پر برابری کی بنیاد پر نمائندگی دی ہے، اور معاشرے میں خواتین کے مثبت کردار سے انکار ممکن نہیں اس موقع پر ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار حاجی صلاح الدین زہری، سردارزادہ میر ظفر اللہ خان ساسولی، عبداللہ آزاد سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
