عدالتی نظام کی بہتری اور وکلاء کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے: چیف جسٹس کامران ملاخیل

سانحہ 8 اگست کے شہداء وکلاء کو زبردست خراجِ عقیدت، ان کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی عدالتوں کی سیکیورٹی، سولر توانائی پر منتقلی اور ڈیجیٹل لائبریریوں کے قیام کے منصوبوں پر کام جاری ہے: چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ بلوچستان بار ایسوسی ایشن میں بار روم کی تزئین و آرائش کا افتتاح، بینچ اور بار کا مضبوط تعلق انصاف کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہے


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ): چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، جسٹس کامران ملاخیل نے کہا ہے کہ صوبے میں عدالتی نظام کی بہتری، وکلاء کی فلاح و بہبود اور عدالتوں کی سیکیورٹی حکومتِ عدلیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، جبکہ عدالتی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
وہ کوئٹہ میں بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بار روم کی تزئین و آرائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
چیف جسٹس کامران ملا خیل نے اپنے خطاب میں سانحہ 8 اگست 2016 سول ہسپتال کوئٹہ کے شہداء وکلاء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور وکلاء برادری کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔
چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس کامران ملا خیل نے وکلاء پر زور دیا کہ وہ اپنے پیشے میں مہارت اور محنت کو شعار بنائیں کیونکہ ایک قابل وکیل ہی مستقبل میں مضبوط عدالتی نظام کی بنیاد رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بینچ اور بار کے درمیان مضبوط اور باہمی احترام پر مبنی تعلق انصاف کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، اور ان کا ذاتی تعلق بھی کئی دہائیوں پر محیط رہا ہے۔
جسٹس کامران ملاخیل نے مزید بتایا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں سیشن کورٹس کی مرمت، جدید سیکیورٹی نظام کی تنصیب، عدالتوں کو سولر توانائی پر منتقل کرنے، ڈیجیٹل لائبریریوں کے قیام اور وکلاء کے لیے تربیتی پروگرامز سمیت متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔
تقریب سے صدر بلوچستان بار ایسوسی عطاء اللہ لانگو اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور عدالتی اصلاحات کے اقدامات کو سراہا۔

WhatsApp
Get Alert