بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری، پی ڈی ایم اے کا 48 گھنٹوں کے لیے ہائی الرٹ
کوئٹہ میں ٹھنڈ میں اضافہ، ندی نالوں میں طغیانی، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کا عملہ الرٹ، نکاسی آب اور امدادی کارروائیوں کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کے احکامات

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ): کچھی، بولان اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے وقفے وقفے سے جاری بارش کے سلسلے نے جہاں موسم خوشگوار بنا دیا ہے، وہی نشیبی علاقے زیر آب آنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کوئٹہ شہر اور گردونواح میں بارش کے بعد ٹھنڈ میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں سے آنے والے سیلابی ریلوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ 48 گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے، جس سے ندی نالوں کے قریب رہنے والی آبادیوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔دوسری جانب، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے تمام متعلقہ محکموں اور میونسپل کارپوریشن کے عملے کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں نکاسی آب اور امدادی کارروائیاں بروقت مکمل کی جا سکیں۔ انتظامیہ نے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ برساتی ندیوں اور پہاڑی سلسلوں کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے جس کی بحالی کے لیے کیسکو کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔
