بلوچستان عوامی پارٹی کا وجود برقرار رہے گا، مسلم لیگ (ن) میں انضمام کی خبریں من گھڑت ہیں: فرح عظیم شاہ
بی اے پی سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلی میں اپنی مضبوط اور واضح شناخت رکھتی ہے: ممبر صوبائی اسمبلی گمراہ کن پروپیگنڈا مسترد کرتے ہیں، پارٹی اپنی سیاسی حیثیت اور عوامی مشن کے ساتھ کام جاری رکھے گی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ): بلوچستان عوامی پارٹی کی صوبائی صدر خواتین ونگ و صوبائی اسمبلی ممبر محترمہ فرح عظیم شاہ نے بلوچستان عوامی پارٹی کو مسلم لیگ (ن)میں ضم کرنے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی وفاقی سطح پر ایک بڑی اور موثر سیاسی جماعت ہے اور صوبائی اسمبلی میں بھی ایک مضبوط اور اکثریتی پارٹی کے طور پر اپنی حیثیت رکھتی ہے۔اپنے ایک بیان میں کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی پاکستان کی سیاست میں ایک واضح اور مضبوط شناخت ہے اور پارٹی کسی بھی دوسری جماعت میں ضم ہونے نہیں جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی قومی اسمبلی، سینیٹ اور بلوچستان اسمبلی میں اپنی نمائندگی رکھتی ہے اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کو مسلم لیگ (ن) میں ضم کرنے سے متعلق خبریں بے بنیاد، من گھڑت اور گمراہ کن پروپیگنڈا ہیں، جن کی بھرپور تردید کی جاتی ہے۔ پارٹی قیادت اور کارکن اس قسم کی افواہوں کو مسترد کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ بلوچستان عوامی پارٹی اپنی سیاسی حیثیت، نظریے اور عوامی خدمت کے مشن کے ساتھ آزادانہ طور پر کام جاری رکھے۔
