ایرانی کمیونٹی اماراتی معاشرے کا لازمی حصہ ہے، غیر ملکی میڈیا پر چلنے والے دعوے درست نہیں، اماراتی وزارت خارجہ کی دوٹوک وضاحت، ائیر لائنز کی جانب سے پابندیوں کی خبروں پر تردید


ابوظبی(قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی وزارت خارجہ نے ملک میں مقیم ایرانی شہریوں کے رہائشی اسٹیٹس (Residency Status) سے متعلق گردش کرنے والے تمام دعووں کو قطعی طور پر مسترد کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی جانب سے یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ اماراتی ائیرلائنز نے ایرانی شہریوں کو انٹری اور ٹرانزٹ کی اجازت دینے سے روک دیا ہے، جبکہ ایک اور اماراتی ائیرلائن کے حوالے سے یہ کہا گیا تھا کہ صرف ‘گولڈن ویزا’ کے حامل ایرانی ہی اس مبینہ پابندی سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔
تاہم، ان تمام قیاس آرائیوں اور خبروں پر اب اماراتی وزارت خارجہ کا باضابطہ اور واضح بیان سامنے آیا ہے۔ وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ عرب امارات میں ایرانیوں کی رہائشی حیثیت یا اسٹیٹس میں تبدیلی سے متعلق کیے جانے والے دعوے ہرگز درست نہیں ہیں۔
بیان میں مزید زور دیا گیا کہ متحدہ عرب امارات، ایرانی کمیونٹی کو اپنے متنوع اور وسیع سماجی ڈھانچے کا ایک لازمی اور غیر مبہم حصہ سمجھتا ہے۔ اس اہم وضاحت کے بعد ان خدشات اور ابہام کا خاتمہ ہو گیا ہے جو حالیہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں ایرانی شہریوں کے ویزہ اور رہائشی معاملات کے حوالے سے پیدا ہو رہے تھے۔

WhatsApp
Get Alert