نواب ثناء اللہ زہری سے میر شفیق الرحمن مینگل کی ملاقات، این اے 256 کے ضمنی انتخاب کے لیے حکمت عملی طے

بلوچستان میں پیپلز پارٹی متحرک ہو چکی، ضمنی انتخاب میں کامیابی ہمارا مقدر ہوگی: سابق وزیراعلیٰ کا عزم کارکنان انتخابی مہم کو تیز اور منظم رکھیں، الیکشن کمیشن جلد نئی تاریخ کا اعلان کرے گا: خلق جھالاوان میں اہم گفتگو


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ): سابق وزیر اعلی بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری سے پیپلزپارٹی کے رہنماء اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 کے ضمنی انتخاب کیلئے نامزد امیدوار میر شفیق الرحمن مینگل کی خلق جھالاوان میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں این اے 256 کے ضمنی انتخاب کے التوا کے پس منظر میں پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے انتخابی مہم کو مزید منظم، متحرک اور فیصلہ کن بنانے کے لیے مختلف پہلوؤں پر غور کیا۔ تنظیمی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، کارکنان کے جذبے کو تقویت دینے اور عوامی رابطہ مہم کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر نواب ثناء اللہ خان زہری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی ایک بار پھر متحرک ہو چکی ہے اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے ساتھ ہی ضمنی انتخاب جلد متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان انتخابی تیاریوں کو مکمل رکھیں اور پرامید رہیں کہ الیکشن کمیشن جلد پولنگ کی نئی تاریخ کا اعلان کرے گا، جس میں کامیابی پیپلز پارٹی کا مقدر ہوگی دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور جھالاوان میں بدلتے عوامی رجحانات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل پر مکمل ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ بابا امیر حمزہ زہری، سردارزادہ میر ظفراللہ خان ساسولی، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل خضدار حاجی صلاح الدین زہری، میر عبدالنبی زہری، میر یاسر احمد مینگل، ایڈووکیٹ علاؤ الدین زہری سمیت پیپلز پارٹی خضدار کی قیادت بھی موجود تھی۔

WhatsApp
Get Alert