پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مسترد: پاکستان تحریک انصاف کا حکومت سے فوری استعفیٰ اور ملک گیر احتجاج کا اعلان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی شعبہ اطلاعات نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیے گئے حالیہ ہوش ربا اضافے کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے ملک کی پسی ہوئی عوام پر گرایا جانے والا “معاشی ایٹم بم” قرار دیا ہے اور اس ظالمانہ و بیہمانہ فیصلے کے خلاف ہر سطح پر بھرپور ملک گیر احتجاج کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے اعلامیے میں فارم 47 کی بیساکھیوں پر کھڑی “نااہل اور مسلط شدہ” حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک طرف حکمران اشرافیہ اپنی شاہانہ عیاشیوں، غیر ملکی دوروں، پروٹوکول اور لگژری جہازوں کے حصول میں مگن ہے، تو دوسری جانب آئی ایم ایف کی غلامانہ پالیسیوں اور ایف بی آر کے 670 ارب روپے کے بڑے مالیاتی شارٹ فال کا بوجھ غریب، مزدور، دیہاڑی دار اور تنخواہ دار طبقے پر ڈال کر ان کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، جس کے براہِ راست نتیجے میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 60 فیصد تک کے اضافے نے زندگی کے ہر شعبے کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔
تحریک انصاف نے تاریخی اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ مئی 2022 میں جب عمران خان کی حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا تو پیٹرول 150 اور ڈیزل 144 روپے پر دستیاب تھا، لیکن آج اس نام نہاد “تجربہ کار ٹیم” نے پیٹرول کو 458 اور ڈیزل کو 520 روپے کی ہوش ربا سطح پر پہنچا کر غریب دشمنی کی تمام حدیں پار کر دی ہیں، لہٰذا اس بے حس اور معاشی طور پر ناکام حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی و آئینی حق نہیں پہنچتا اور اسے فوری استعفیٰ دے کر ملک کا حقیقی عوامی مینڈیٹ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حوالے کرنا چاہیے تاکہ ملک کو اس بدترین دلدل سے نکالا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert