بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم 14,500 روپے سے بڑھا کر 19,500 روپےکرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دی جانے والی رقم جنوری 2027 سے 14,500 روپے سے بڑھا کر 19,500 روپے کر دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مالی سال 2026 کے اختتام تک مزید 2 لاکھ خاندانوں کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا، جس کے بعد مستفید ہونے والے گھرانوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر تقریباً 1 کروڑ 2 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی نہ دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا، جس کے بعد حکومت نے اپنی مالی پوزیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے بجٹ سے پسماندہ طبقے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کریں۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے مطابق رکھی جائیں گی، جبکہ گزشتہ ماہ تقریباً ساڑھے 3 ارب روپے اضافی لیوی اکٹھی کی گئی۔ ملک بھر میں پٹرول کی کھپت میں بھی تقریباً 24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال میں کھاد پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) عائد نہیں کی جائے گی، جس سے زرعی شعبے کو سہولت ملنے کی توقع ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کو تحریری یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستفید ہونے والے خاندانوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ جاری رکھا جائے گا۔
یہ اقدام پسماندہ طبقے کی مالی معاونت بڑھانے اور ملک کے سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
