پرینیتی چوپڑا ریلٹی شو میں شرکت کرنے والے شخص کی کہانی سن کر آبدیدہ ہوگئیں
ممبئی (قدرت روزنامہ)بھارتی اداکارہ پرینیتی چوپڑا ریلٹی شو میں شرکت کرنے والے شخص کی کہانی سن کر آبدیدہ ہوگئیں، ان کی کہانی میں یہ بتایا گیا تھا کہ ممبئی آنے کے بعد اس امیدوار کو کتنے برے حالات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اداکارہ پرینیتی چوپڑا آج کل ایک ریلٹی شو ’ہنر باز‘ میں فلم ساز کرن جوہر اور اداکار متھن چکرورتی کے ساتھ معاون جج کے فرائض سر انجام دے رہی ہیں، جس میں مختلف فنکار اپنے کرتب کے ذریعے مختلف فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔اسی شو کے دوران جب ایک امیدوار کی جدوجہد کے حوالے سے اس کا پرومو دکھایا گیا تو پرینیتی ان کی کہانی سننے کے بعد جذباتی ہوگئیں۔شو کی آنے والی قسط کا پرومو انتظامیہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا،
جس میں فنکار کو مختلف اسٹنٹ کرتے ہوئے دیکھایا گیا ہے اور اس دوران پس منظر میں ایک گانا ’اے دل ہے مشکل‘ بھی چل رہا ہے، جبکہ ویڈیو میں موجود فنکار بھی ممبئی آنے کے بعد اپنی زندگی میں پیش آنے والی مشکلات اور جدوجہد کے بارے میں بتارہا ہے۔اپنی کہانی سناتے ہوئے فنکار کا کہنا تھا کہ ممبئی آنے کے بعد مجھے بہت جدوجہد کرنا پڑی، میرے پاس رہنے کے لیے کوئی جگہ نہیں تھی اور میں ایک درخت کے نیچے وقت گزارتا تھا اور میں چاہتا تھا کہ کوئی مجھے کچھ کھانے کو اور تھوڑے پیسے دے دے تو میں اپنے گھر واپس چلا جاؤں گا۔فنکار کی کہانی سننے کے بعد اداکارہ پرینیتی اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکیں اور ان کی آنکھوں سے بےاختیار آنسو بہہ نکلے۔اس موقع پر پرینیتی چوپڑا کا کہنا تھا کہ جو بہت سچے لوگ ہوتے ہیں ان کی کہانی سن کر میرا دل ٹوٹ جاتا ہے۔ پرینیتی چوپڑا جب رو رہی تھی تو اس موقع پر کرن جوہر ان کو تسلیاں دیتے ہوئے نظر آئے۔