بلوچستان : پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد ٹرانسپورٹرز کے کرایوں اور خوردنی تیل و گھی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پیٹرول اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کا ایک اور طوفان آ گیا ہے، جہاں خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کی ہول سیل مارکیٹ میں خوردنی تیل کی قیمت میں فی لیٹر 60 روپے جبکہ گھی کی قیمت میں فی کلو 40 روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس اچانک اضافے کے بعد ریٹیل مارکیٹ میں بھی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث عام صارفین کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی کی بلند شرح نے گھریلو بجٹ کو متاثر کر رکھا ہے، اور اب تیل اور گھی جیسی بنیادی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ان کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ گھریلو خواتین نے شکایت کی ہے کہ روزمرہ کھانے پکانے کی اشیا مسلسل مہنگی ہوتی جا رہی ہیں، جس سے گزارہ کرنا مشکل ہو گیا ہے دوسری جانب دکانداروں اور ہول سیلرز کا مقف ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کا براہ راست اثر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر پڑ رہا ہے دکانداروں کے مطابق پنجاب اور کراچی سے آنے والے خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں بھی مل مالکان کی جانب سے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے باعث انہیں مجبورا مقامی سطح پر قیمتیں بڑھانا پڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹرانسپورٹ اخراجات اور سپلائی لاگت کم نہ ہوئی تو آئندہ دنوں میں قیمتوں میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا اثر براہ راست مہنگائی پر پڑتا ہے، خصوصا ان اشیا پر جو دوسرے شہروں سے منتقل کی جاتی ہیں۔ کوئٹہ جیسے دور دراز شہر میں یہ اثر زیادہ شدت کے ساتھ سامنے آتا ہے کیونکہ یہاں اشیا کی ترسیل کا انحصار مکمل طور پر ٹرانسپورٹ پر ہوتا ہے عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، ٹرانسپورٹ کرایوں کو ریگولیٹ کیا جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں مہنگائی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ کوئٹہ میں اس کے اثرات مزید شدت کے ساتھ محسوس کیے جا رہے ہیں۔
