عوام پر مہنگائی کا تاریخی بم گرانے کے بجائے ایران جیسے ریلیف کے اقدامات کرنے چاہیے ، ایجنسیوں کے مسلط نااہل ٹولے کو اقتدار سے باہر نکال پھینکیں گے، پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں صرف ایک ماہ کے دوران تقریباً75فیصد اضافہ ملک کے عوام اور دنیا بھر کے ملکوں کے لیے باعث حیرانگی ہے اور 25کرورڑ عوام پر مہنگائی کا تاریخی بم گرانے کے سوا کچھ نہیں۔ پارٹی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتی ہے اور اسے یکسر طور پر مسترد کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ سے دوچار ملک ایران نے نہ صرف اپنے ملازمین کی تنخواہیں بڑھائی ہیں بلکہ تیل تمام دنیا میں سب سے سستی قیمت پر مہیا کی جارہی ہے لیکن اس جنگ میں کردار ثالثی کے اخراجات اگر اتنے بڑھ گئے ہیں تو پاکستان کو اپنے عوام پر بوجھ ڈالنے کی بجائے ثالثی کے کردار کا خاتمہ کرنا ہوگااور اپنے عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔ ملک کی صنعتی اور زرعی پیداوار میں کمی اور بیرونی تجارتی خسارے میں اضافہ گزشتہ 9ماہ میں 22.65فیصد بڑھ گیا ہے اور اس طرح ملک سے باہر جانے والے اشیاء میں 6.64فیصد کمی ہوئی ہے جس سے ملکی معیشت بربادی کے دھانے پر پہنچا دیاگیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امن وامان کی صورتحال روز بروز بگڑرہی ہے، مہنگائی اور بیروزگاری میں سخت ترین اضافہ روزانہ کی بنیا د پر بڑھتا جارہا ہے ملک کی اندرونی صورتحال اور اخلاقی اقدار کی سخت ترین پائمالی جاری ہے۔ سویلین اتھارٹی کا خاتمہ اور فوجی بیوروکریسی کو مسلط کرنے کی تگ ودو جاری ہے اور آنے والے بجٹ میں ضلعوں میں موجود ایف سی کرنیلوں کو ضلع وائز اربوں روپے رکھے اور دیئے جارہے ہیں اور فارم47کے نمائندوں کو کرورڑوں تک محدود کردیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کو مسلط ناکام نااہل کرپٹ عناصر سے چلانا احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے اور ملک پر مسلط اس ٹولے سے دنیا بھر میں ملک کی جگ ہنسائی ہورہی ہے۔ ایجنسیوں کی سیاست میں مداخلت بربادی کے سوا کچھ نہیں۔ عدلیہ اور میڈیا کی آزادی کو کنٹرول کرنے اور ملکی آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہے جس سے ملک کے اندر اور ملک سے باہر ملکی ساکھ سخت طور پر متاثر ہوا ہے۔ بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ اپنے مجبور لاچار عوام کی حمایت وامانت سے ایجنسیوں کی مسلط ناکام نااہل ٹولے کواقتدار کے ایوانوں سے باہر نکال پھینکے گی اور ملک کے اقتدار کے اصل مالکان 25کرورڑ عوام کے اقتدار پر بین الاقوامی اور ملکی قوانین کے تحت اصل اقتدار اور اختیار بحال ہوگی۔
