بھٹو شہید کا مشن آج بھی زندہ ہے، 40 برسوں سے ظلم کی چکی میں پسے محروم طبقے کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے، میر علی حسن زہری


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما ، ترجمان صدر آصف علی زرداری وسینئر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان میر علی حسن زہری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو برصغیر کی سیاسی تاریخ کے ایک عظیم رہنما تھے جنہوں نے پاکستان کے عوام کو شعور، خودداری اور جمہوری حقوق کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید نے ملک کو ایک متفقہ آئین دیا، ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مضبوط اور باوقار مقام دلایا۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ شہید بھٹو نہ صرف ایک قومی رہنما تھے بلکہ عالمِ اسلام کے ایک مدبر اور دور اندیش قائد بھی تھے۔ انہوں نے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد و یگانگت کو فروغ دینے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔ 1974 میں لاہور میں اسلامی سربراہانِ مملکت کے تاریخی اجلاس کا انعقاد ان کا ایک عظیم کارنامہ تھا جس میں مسلم دنیا کے رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا۔ اس اقدام نے نہ صرف پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا بلکہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے ایک نئی راہ ہموار کی۔انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو شہید نے تیسری دنیا کے ممالک کے حقوق کے لیے بھی بھرپور آواز اٹھائی اور عالمی سطح پر ایک مضبوط اور خودمختار خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے مسلم دنیا اور ترقی پذیر ممالک کے ساتھ تعلقات کو نئی جہت دی اور عالمی سفارتکاری میں ایک فعال کردار ادا کیا۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ بھٹو شہید کی سیاسی بصیرت اور عوام دوست پالیسیوں نے پاکستان کے مزدور، کسان اور عام آدمی کو ایک نئی پہچان دی۔ ان کی جدوجہد صرف اقتدار کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق اور ملک کی خودمختاری کے لیے تھی۔ آج بھی ان کے نظریات پاکستان کی سیاست میں رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوریت کی علمبردار اور ایک دلیر قائد تھیں جنہوں نے آمریت کے خلاف بے مثال جدوجہد کی۔ انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر جمہوریت کی آبیاری کی اور پاکستان کے عوام کو ایک روشن راستہ دکھایا۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی مدبرانہ قیادت نے پارٹی کو مشکل حالات میں سنبھالا اور جمہوری نظام کو استحکام بخشا۔ ان کی سیاسی بصیرت اور مفاہمتی پالیسیوں نے ملک میں جمہوریت کو مضبوط کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی نہ صرف مزید مستحکم ہو رہی ہے بلکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ بلاول بھٹو نوجوان قیادت کی علامت ہیں اور ان کی قیادت میں پارٹی عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتی رہے گی۔آخر میں میر علی حسن زہری نے کہا کہ بھٹو شہید اور بی بی شہید کا مشن آج بھی زندہ ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی اس مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک میں جمہوریت، انصاف اور عوامی خوشحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے پارٹی کے کارکنان سے کہا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں انشاء اللہ پارٹی رہنمائوں کی قیادت میں ہم حب کو جدید اور ماڈل ضلع بنا کر ہی دم لیں گے ۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ ہم عہدوں اور سیٹوں کے محتاج نہیں ، ہمارا مقصد صرف اور صرف 40 برسوں سے زائد عرصے تک ظلم کی چکی میں پسے ہوئے محروم طبقے کی محرومیوں کا ازالہ اور انہیں جدید اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے جس کے لئے اپنے جیالے ساتھیوں اور عوام کے تعاون سے ہر ممکن کوششیں جاری رکھیں گے ۔

WhatsApp
Get Alert