بھارت سفارتی محاذ پر ناک آئوٹ ،پاکستان کا ثالث بن کر ابھرنا بھارت کیلئے بڑا دھچکاہے،بھارتی صحافی سوشانت سنگھ


نیودہلی(قدرت روزنامہ)بھارتی میگزین نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت سفارتی محاذ پر ناک آؤٹ ہو چکا ہے اور پاکستان کا ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی میں ثالث بن کر ابھرنا بھارتی حکومت کے لیے بڑا دھچکا ہے۔
بھارتی صحافی اور تجزیہ کار سوشانت سنگھ نے پالیسی میگزین میں اپنے مضمون میں لکھا کہ مودی نہیں بلکہ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر عالمی سفارتکاری کے مرکز ہیں۔ مضمون کے مطابق خطے میں طاقت کا توازن تبدیل ہو گیا ہے اور پاکستان نے سفارتکاری کے ذریعے اپنا کردار مضبوط کیا ہے۔
مضمون میں مزید کہا گیا کہ چین کے ساتھ تعلقات برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کی سفارتی اہمیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔ بھارت کو یہ بڑا دھچکا اس لیے لگا کیونکہ نئی دہلی اہم مشرقِ وسطیٰ مذاکرات سے باہر ہو گیا، جس سے مودی حکومت کے لیے سفارتی اعتبار کمزور پڑ گیا اور امریکہ کے ساتھ بھارت کا اثر و رسوخ محدود ہوا۔
سوشانت سنگھ نے لکھا کہ پاکستان کو تنہا کرنے کے منصوبے ناکام ہو چکے ہیں اور عالمی طاقتیں اب پاکستان کو نظر انداز نہیں کر سکتیں۔ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں امن قائم رکھنے والا ایک اہم کھلاڑی بن کر سامنے آیا، جبکہ مودی کی خارجہ پالیسی ہر محاذ پر ناکام رہی۔
فارن پالیسی میگزین میں شائع مضمون کے مطابق پاکستان نے ایک بار پھر 1971 جیسا سفارتی کردار حاصل کر لیا، اور امریکہ، چین، ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کیا۔ ٹرمپ نے مودی کے بجائے پاکستان پر اعتماد کیا۔
بھارتی صحافی کے مطابق پاکستان کی کامیاب سفارتکاری نے بھارت کے بیانیے کو ختم کر دیا ہے؛ بھارت صرف بیانات تک محدود رہا، جبکہ پاکستان عملی سفارتکاری کر رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert