سلمان خان نے بجرنگی بھائی جان کے سیکوئل کا نام بتادیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے دبنگ خان کہے جانے والے اداکار سلمان خان نے کہا ہے کہ بجرنگی بھائی جان کا سیکویل پون پترا بھائی جان کے نام سے بنے گا۔
اپنی 56ویں سالگرہ کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ وہ بالی ووڈ کے نامور اداکار راجا مولی کے والد وجیندرا پرساد کے ساتھ کام کرچکے ہیں، انہوں نے ہی بجرنگی بھائی جان کی کہانی لکھی تھی اور اب وہیں بجرنگی بھائی جان کے سیکوئل کی کہانی لکھ رہے ہیں۔ جس کا نام پون پترا بھائی جان رکھا گیا ہے۔
سلمان خان نے کہا کہ بجرنگی بھائی جان کے سیکوئل کی تکمیل کے بعد ’ٹائیگر 3‘ اور ’کبھی عید کبھی دیوالی‘ کی شوٹنگ مکمل کروں گا۔
دو روز قبل سانپ کے کاٹنے کے حوالے سے سلمان خان نے بتایا کہ انہیں سانپ نے ایک یا دو نہیں بلکہ 3 بار کاٹا، لیکن ہم ایک دوست کی طرح ایک دوسرے سے جدا ہوئے، اس موقع پر میں نے سانپ کے ہمراہ ایک تصویر بھی لی۔
واضح رہے کہ بجرنگی بھائی جان 2015 میں ریلیز ہوئی تھی، اس کی ہدایت کاری کبیر خان نے دی تھی۔ اس فلم نے مختلف ذرائع سے 969 کروڑ روپے کمائے تھے۔