سام سنگ جلد ہی تین اسکرین والا فون متعارف کرانے کے لیے تیار

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سام سنگ نے تین اسکرین والے موبائل فون کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے۔اسمارٹ فون ٹیکنالوجی میں نت نئی اختراع اور جدت پیش کرنا کوریا کی موبائل ساز کمپنی سام سنگ کا خاصہ ہے۔ سام سنگ کی جانب سے پیش کئے گئے گلیکسی Z فولڈ 3 اور گلیکسی Z فلیپ جیسے ماڈل سے یہ کمپنی تہہ ( فولڈ ) ہونے والے موبائل بنانے میں اپنی مہارت ثابت کرچکی ہے۔

اسمارٹ فون کی مارکیٹ پر تجزیہ کرنے والی ویب سائٹ لیٹس گو ڈیجیٹل کے مطابق سام سنگ اپنے صارفین کے اسمارٹ فون کے تجربے کو مزید پرلطف بنانے کے لیے ایک اور نئے آئیڈیے پر کام کر رہی ہے۔

سام سنگ کی جانب سے ایک نئے ڈیزائن کو پیٹنٹ کے لیے پیش کیا گیا ہے، اس پیٹینٹ کی آؤٹ لائنز(بُنیادی خطوط) سے ظاہر ہوتا ہے کہ سام سنگ تین مختلف ڈسپلے کو ملا کر ایک بڑی اسکرین ڈیوائس بنانے پر کام کر رہا ہے۔

ابتدائی ڈیزائن کے مطابق یہ ڈیوائس انگریز ی کے حرفِ تہجی Z کی شکل میں فولڈ ہوگی۔ جب کہ مکمل طور پر بند ہونے کے بعد ایک ڈسپلے پینل اسکرین کے طور پر ظاہر ہوتا رہے گا۔پیٹنٹ کی دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس ماڈل کے لیے سام سنگ دو مختلف اصولوں پر کام کررہا ہے۔ ایک اسکرین گلیکسی Z فولڈ 3 کی طرح اندر کی طرف فولڈہوگی اور ایک اسکرین باہر کی طرف ٹھیک اسی طرح فولڈ ہوگی جیسی کہ ہم ہواوے میٹ ایکس میں دیکھتے ہیں، جس میں مرکزی اسکرین فون کے باہر ہی رہتی ہے۔

پیٹنٹ کے لیے جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق اس ماڈل میں ٹائپ سی چارجنگ پورٹ، تین لینس پر مشتمل کیمرہ بھی دیا جائے گا، ممکنہ طور پر یہ ماڈل مرکزی ڈسپلے پر فنگر پرنٹ سینسر اور HDMI پورٹ کے ساتھ مارکیٹ میںفروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

سام سنگ موبائل فون میں HDMI پورٹ کا تصور پیش کرنے والی پہلی کمپنی ہے اس سے قبل کسی موبائل ساز کمپنی نے اسمارٹ فون میں HDMI پورٹ کا آپشن پیش نہیں کیا ہے۔