شہرت کے بعد ساتھی اداکاروں کا رویہ بدل گیا، نعیمہ بٹ نے حیران کن راز کھول دیے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ نعیمہ بٹ نے اپنی زندگی کے ایک نہایت کربناک اور غیر متوقع دور سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ شہرت کے سفر میں انہیں کس طرح پیشہ ورانہ سطح پر تنہائی اور نظراندازی کا تجربہ کرنا پڑا۔
اداکارہ جو ڈرامہ کبھی میں کبھی تم میں ’رباب‘ کے کردار سے غیر معمولی مقبولیت حاصل کر چکی ہیں نے ایک حالیہ گفتگو میں بتایا کہ ان کی زندگی میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے انہیں اندر سے جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ ان کے مطابق انہوں نے اپنے ایک قریبی فرد کو کھو دیا جو ان کے لیے ناقابلِ بیان صدمہ تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس مشکل وقت میں وہ نیویارک میں موجود تھیں تاہم نامکمل شوٹنگ کے باعث انہیں فوری طور پر وطن واپس آنا پڑا۔ شدید ذہنی دباؤ کے باوجود انہوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شوٹنگ مکمل کی۔
نعیمہ بٹ کے مطابق، سیٹ پر کام کا تجربہ خوشگوار اور یادگار رہا لیکن جب ان کے کردار کو غیر معمولی پذیرائی ملی اور انہیں مختلف پروگرامز میں شرکت کی دعوت دی جانے لگی۔ اس موقع پر انہوں نے توقع کی کہ ان کے کو اسٹارز اور پروڈیوسرز ان کا ساتھ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس کے برعکس رویے کا سامنا کرنا پڑا۔ اور میں حیران رہ گئی کیونکہ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ مجھے اس طرح اکیلا چھوڑ دیا جائے گا اور سائیڈ لائن کر دیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert