کوئٹہ ‘ کچلاک کے برساتی نالے سے خاتون کی بوری بند نعش ملنے کا اندھا قتل ٹریس، شوہر قاتل نکلا، لاش ٹھکانے لگانے والا ایک ملزم گرفتار،

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کچلاک کے علاقے کلی کتیر کے برساتی نالے سے ملنے والی نامعلوم خاتون کی نعش کے کیس میں سریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ (SCIW) نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے اہم پیشرفت کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کو 2 اپریل کو اطلاع ملی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے کرائم سین یونٹ کو جائے وقوعہ پر بھیجا گیا، جہاں نعش سیاہ کمبل میں لپٹی ہوئی پائی گئی۔ بعد ازاں نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا گیا اور مقدمہ درج کرکے تفتیش SCIW کے سپرد کی گئی۔ ایس ایس پی ایس سی آئی ڈبلیو ڈاکٹر سمیع ملک کی سربراہی میں تشکیل دی گئی تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
شواہد اکٹھے کیے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان تک رسائی حاصل کی۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مسلسل محنت کے نتیجے میں ملزم نور محمد کو گرفتار کیا گیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ مقتولہ نوشین کو اس کے شوہر سخی داد نے گھریلو ناچاقی پر فائرنگ کرکے قتل کیا۔
بعد ازاں نعش کو کمبل میں لپیٹ کر بوری میں بند کیا گیا اور گاڑی کے ذریعے برساتی نالے میں پھینک دیا گیا، جبکہ جائے وقوعہ کو صاف کیا گیا تاکہ شواہد مٹائے جا سکیں۔ سریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت کارروائی اور جدید تفتیشی طریقوں نے اندھے قتل کے اس کیس کو ٹریس کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، مرکزی ملزم سخی داد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور کیس میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
