پاکستان نے 1.43 ارب ڈالرز قرض کی بروقت ادائیگی کر دی


لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان نے 1.43 ارب ڈالرز قرض کی بروقت ادائیگی کر دی، 8 اپریل کو واجب الادا 1.3 ارب ڈالر کا یورو بانڈ مکمل طور پر ادا کر دیا گیا، جبکہ دیگر یورو بانڈز پر 126 ملین ڈالر سے زائد سود کی ادائیگی بھی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے مطابق پاکستان نے 1.43 ارب ڈالر کا قرض بروقت ادا کردیا۔
8 اپریل کو واجب الادا 1.3 ارب ڈالر کا یورو بانڈ مکمل طور پر ادا کر دیا گیا، جبکہ دیگر یورو بانڈز پر 126 ملین ڈالر سے زائد سود کی ادائیگی بھی کر دی گئی، جس سے مجموعی ادائیگی 1.42 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی۔ خرم شہزاد نے کہا کہ قرض کی تمام ادائیگیاں معمول کے مطابق اور بغیر کسی دباوٴ کے مکمل کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے ملکی معیشت میں استحکام اور بہتری کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں، جبکہ زرمبادلہ ذخائر اور مالی گنجائش میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
مشیر وزیر خزانہ کے مطابق سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور قرض مینجمنٹ میں نظم و ضبط مضبوط ہوا ہے، جس کے باعث پاکستان کی عالمی مالیاتی ساکھ بھی بہتر ہونا شروع ہو گئی ہے۔ دوسری جانب پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالر واپسی کا فیصلہ کرتے ہوئے متبادل ذرائع سے رقم کا انتظام کرلیا۔ جیو نیوز کے مطابق حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو جون تک مجموعی طور پر4.8 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کرنی ہیں، ان ادائیگیوں کا بندوبست کر لیا گیا ہے، پاکستان نے یو اے ای کو 2 ارب ڈالر ادائیگی کا فیصلہ متبادل ذرائع سے رقم کا بندوبست ہونے کو بعد ہی کیا ہے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کو 2 دوست ممالک کی جانب سے 5 ارب ڈالر سے زائد کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert