پی ٹی آئی کی جانب سے ایران اور امریکا کی 2 ہفتے کی جنگ بندی کا خیر مقدم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایران اور امریکا کے درمیان 2 ہفتے کی جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ دونوں فریق اس دوران جنگ بندی کی شرائط کی مکمل پابندی کریں گے۔
مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے مطابق پارٹی نے کہا کہ اس عارضی جنگ بندی کو مستقل امن اور خطے میں استحکام کے قیام کے لیے بنیاد بنایا جائے۔
پی ٹی آئی نے اپنے مؤقف کو واضح، مستقل اور اصولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جنگ و تباہی کے بجائے امن اور بات چیت کی پالیسی کی قائل ہے۔ پارٹی نے مزید کہا کہ تاریخ بارہا ثابت کر چکی ہے کہ جنگیں ہمیشہ وسیع پیمانے پر تباہی، طویل المدتی بے یقینی اور بے گناہ افراد کی ہلاکتوں کا سبب بنتی ہیں۔
پی ٹی آئی نے تمام متعلقہ فریقین اور ثالثوں کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس مثبت اقدام کو بنیاد بنا کر جامع اور دیرپا حل تک پہنچنے کے لیے محنت جاری رکھی جائے، تاکہ خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert