فورسز کا چمن میں گھروں پر بلاجواز دھاوا اور خواتین سے بدتمیزی چادر و چار دیواری کے تقدس کی کھلی پامالی ہے، ملوث ڈی ایس پی کے خلاف کارروائی کی جائے، پشتونخواملی عوامی پارٹی


چمن (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع چمن کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس اور ایف سی کا چمن کے مختلف علاقوں میں مقامی لوگوں کے گھروں میں بلاجواز داخل ہونا، خواتین کے ساتھ بدتمیزی کرنا اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنا نہ صرف اخلاقی گراوٹ کی انتہا ہے بلکہ آئینی اور قانونی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے جس کی پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور پولیس کے مذکورہ ڈی ایس پی اس سے پہلے بھی عوام دشمنی پر مبنی ناروا اقدامات کے مرتکب ہوتے رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں یہ عمل ناقابلِ قبول ہے کہ بغیر لیڈی پولیس اہلکار کے گھروں میں گھس کر خواتین کی عزت و وقار کو مجروح کیا جائے اور اہلِ خانہ کو خوف و ہراس میں مبتلا کیا جائے۔یہ رویہ نہ صرف عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کو ختم کرتا ہے بلکہ قانون کی بالادستی پر بھی سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے۔ ایسے اقدامات کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیے جا سکتے اور ان میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی ہونی چاہیے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر انتظامیہ کسی خاص مہم /آپریشن میں مصروف ہیں تو بھی پہلے مرحلے میں تمام انتظامی امور،متعلقہ سٹاف کو مکمل کرنا چاہیے اور گھروں کے اندر اس طرح داخل ہوکر خوف وہراس پھیلانا،خواتین کی تضحیک کرنے کا عمل ڈی ایس پی پولیس اور ان کے اہلکاروں کے عمل کی پارٹی مذمت کرتی ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس قسم کے غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، اور آئندہ کے لیے واضح ہدایات جاری کی جائیں تاکہ شہریوں کے بنیادی حقوق، عزتِ نفس اور گھریلو تقدس کا ہر حال میں تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو تحفظ دے، نہ کہ انہیں خوف اور عدم تحفظ کا شکار بنائے۔

WhatsApp
Get Alert