پا کستا ن د و ست ا و ر بر ا د ر ملک ، ا سکی سفا ر تی کو ششو ں کو خر ا ج تحسین پیش کر تا ہو ں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ اعلان کردہ جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا ہے کہ یہ معاہدہ کسی بھی اشتعال انگیزی یا تخریبی کارروائی سے محفوظ رہتے ہوئے مکمل طور پر نافذ ہوگا۔
صدر اردوان نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ “28 فروری سے جاری تنازع جس نے پورے خطے کو جنگ کے دہانے پر لاکھڑا کیا، اس کے بعد گزشتہ شب ہونے والا جنگ بندی کا اعلان ایک مثبت اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔”
انہوں نے اس پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اصل امتحان یہ ہے کہ جنگ بندی کو عملی میدان میں کس حد تک مؤثر انداز میں برقرار رکھا جاتا ہے۔ صدر اردوان نے زور دیا کہ کسی بھی ممکنہ اشتعال، سازش یا تخریب کاری کو موقع دیے بغیر معاہدے پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے، کیونکہ معمولی سی لغزش بھی دوبارہ کشیدگی پیدا کر سکتی ہے۔
صدر اردوان نے اس سلسلے میں تمام ممالک اور شخصیات کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے جنگ بندی میں کردار ادا کیا، اور خاص طور پر پاکستان کو ’دوست اور برادر ملک‘ قرار دیتے ہوئے اس کی سفارتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطہ ماضی میں جنگ، تصادم اور انسانی المیوں کا طویل عرصہ برداشت کر چکا ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ یہاں کے عوام کو امن، سکون اور استحکام نصیب ہو۔ پائیدار امن نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے مفاد میں ہے، اور اس کے لیے تمام فریقین کو ذمہ داری، بردباری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
صدر اردوان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترکیہ ہمیشہ کی طرح خطے اور عالمی سطح پر امن، مکالمے اور مفاہمت کے فروغ کے لیے آواز بلند کرے گا اور ہر اس اقدام کی حمایت جاری رکھے گا جو دنیا کو تنازعات سے نکال کر استحکام اور خوشحالی کی جانب لے جائے۔
