پاکستان کا امریکا ایران جنگ بندی میں فیصلہ کن کردار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حکمت عملی نے خطے کو بڑی تباہی سے بچا لیا، حاجی ولی محمد نورزئی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن بلوچستان اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے امریکہ اور ایران کے مابین سیز فائر (جنگ بندی)کا خیر مقدم کرتے ہوئے قومی قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام میں نہ صرف مثر بلکہ ایک فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے، جس کی بدولت ایک ہولناک جنگ کا خطرہ ٹل گیا ہے۔حاجی ولی محمد نورزئی نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ مدبرانہ قومی قیادت نے اپنی بہترین حکمت عملی سے ملک کی سفارتی ساکھ کو عالمی سطح پر مزید مستحکم اور باوقار بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے پیشہ ورانہ اقدامات اور بروقت مداخلت نے پورے خطے کو ایک ممکنہ بڑی تباہی سے محفوظ رکھا، جو کہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کے درمیان مثالی ہم آہنگی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے کی گئی یہ فعال سفارت کاری عالمی برادری کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے امن کا داعی رہا ہے۔ حاجی ولی محمد نورزئی نے امید ظاہر کی کہ اس تاریخی کامیابی کے بعد خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوگی اور پاکستان مستقبل میں بھی عالمی تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت پاکستان کے بین الاقوامی وقار میں اضافے کا باعث بنی ہے اور پوری قوم اپنی قیادت کے اس جرات مندانہ اور مخلصانہ کردار پر فخر کرتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert