سعودی ولی عہد سے جدہ میں برطانوی وزیراعظم کی ملاقات


جدہ(قدرت روزنامہ)سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے بدھ کو جدہ میں برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کا جائزہ، سٹریٹیجک شراکت داری کے پہلوؤں اور مختلف شعبوں میں انہیں بڑھانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، سلامتی اور اقتصادی اثرات کے علاوہ باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر بھی بات کی۔
خطے کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے حوالے سے کی جانے والی تمام کوششوں کی سپورٹ پر بھی زور دیا گیا۔
مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، برطانیہ میں سعودی سفیر شہزادہ عبداللہ بن خالد بن سلطان، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العبیان، وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی اور انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ خالد بن علی الحمیدان بھی موجود تھے۔
قبل ازیں برطانوی وزیراعظم سعودی عرب پہنچے تو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے ان کا خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر برطانیہ میں سعودی سفیر شہزادہ عبداللہ بن خالد بن سلطان بن عبدالعزیز اور دیگر اعلٰی حکام بھی موجود تھے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق کیئر سٹارمر نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ’یہ یقینی بنانے کے لیے ’اب بھی بہت سا کام‘ کرنا باقی ہے کہ معاہدہ مستقل بن جائے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی بہت سا کام کرنا باقی ہے جس کا اثر پوری دنیا پر پڑتا ہے۔‘

WhatsApp
Get Alert