پرنٹ میڈیا کی اہمیت کم کرنے کی پالیسی قابل قبول نہیں: بلوچستان ایڈیٹرز کونسل


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان ایڈیٹرز کونسل نے نئی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کے حوالے سے زیرگردش خبروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے جس میں پرنٹ میڈیا کی اہمیت کو کم اورسرکاری اشتہارات کو محدود کرنے کی پالیسی پر کام ہو رہا ہے جو کہ اخباری صنعت کے وابستہ لوگوں کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان ایڈیٹرز کونسل کا اجلاس زیرصدارت عبدالغفار لانگو ہواجس میں بتایا گیا کہ شنید ہے کہ ڈیجیٹل پالیسی پر حکومت بلوچستان کام کررہی ہے جس میں پرنٹ میڈیا کے کردار کو محدودکیا جارہا ہے۔اجلاس نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ اخباری صنعت سے وابستہ کسی اسٹیک ہولڈر کو نہ اعتماد میں لیا گیا اور نہ ہی مشاورت میں شریک کیا جارہا ہے تو ایسی کوئی پالیسی قابل قبول نہیں ہوگی۔ بلوچستان کےحالات جہاں انٹرنیٹ کی رسائی اور بجلی کا بحران ایک سنگین مسئلہ ہے وہاں اخبارات آج بھی عوام تک معلومات پہنچانے کا سب سےقابل اعتبار ذریعہ ہیں۔ پسماندہ صوبےمیں مشکل حالات میں عوام کو باخبر رکھنے کا فریضہ انجام دینے والے پرنٹ میڈیا کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے اس کی اہمیت کم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ڈیجیٹل میڈیا کی ترقی اپنی جگہ اہم ہے لیکن اسے پرنٹ میڈیا کے متبادل کے طور پر نافذ کرنا مناسب حکمت عملی نہیں ہوگی ۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی اور پرنٹ میڈیا کو الگ الگ رکھا جائے، نئی میڈیا پالیسی کی تشکیل میں پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے تمام اسٹیک ہولڈرز کو شریک کیا جائے۔ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کیلئے جو پالیسی بنائی جارہی ہے اس کیلئے علیحدہ فنڈز مختص کیے جائیں۔اجلاس نے امید کا اظہار کیا کہ بلوچستان حکومت پرنٹ میڈیا کی بقاء، ترقی اور استحکام کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گی تاکہ عوام تک درست اور مستند معلومات کی فراہمی جاری رہ سکے۔

WhatsApp
Get Alert