اوتھل میں مسافر گاڑیوں پر بلاجواز فائرنگ اور پتھراؤ سے حافظ احمد خان کی المناک ہلاکت، ملوث کوسٹ گارڈ اہلکاروں کے خلاف فوری مقدمہ درج کر کے سزا دی جائے، پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں پارٹی کے سابق صوبائی اسمبلی کے امیدوار ماسٹر خان محمد کاکڑ کے جواں سال فرزند حافظ احمد خان مہترزئی کے کوسٹ گارڈ اہلکاروں کے ہاتھوں المناک ہلاکت کے واقعہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملک میں ہر ادارے نے اپنا قانون بنا رکھا ہے جس کا خمیازہ بے گناہ عوام کو بھگتنا پڑرہا رہا ہے۔ گزشتہ روز اوتھل کوسٹ پر مسافر گاڑیوں پر بلا جواز فائرنگ کا کوئی پہلا واقعہ نہیں اس سے پہلے بھی کئی واقعات ہوچکے ہیں جس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی یہی وجہ ہے کہ اہلکاروں کے ہاتھوں بے گناہ انسانی جانوں کی ضیاع اور زندگی بھر کے لیے معذور ہونے کے انسانیت سوز واقعات رونماء ہورہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز کوسٹ گارڈ اہلکاروں کی جانب سے ایک گاڑی پر فائرنگ کی گئی اور دوسرے پر پتھراؤ کی گئی جبکہ ایک پتھر حافظ احمد خان کو لگنے سے ان کی موت ہوئی۔ حافظ احمد خان مہترزئی کوئٹہ سے کراچی جارہے تھے کہ راستہ میں بغیر کسی جرم اور گناہ کے کوسٹ گارڈ اہلکاروں کے ظلم کے شکار ہوگئے۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حافظ احمد خان کے قتل میں ملوث اہلکاروں پر فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے اور انہیں گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کی جائے۔ پارٹی بیان میں متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید حافظ احمد خان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی ہے اور غم کی اس گھڑی میں پارٹی متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل شریک ہے۔
