پولیس عوام کی حاکم نہیں خادم ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری فوری 15 پر کال کریں، ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) کوئٹہ عمران شوکت کی خصوصی ہدایت پر اسکولی بچوں کو تھانہ سول لائن کا دورہ کروایا گیا، جس کا مقصد نئی نسل میں قانون کی آگاہی اور پولیس پر اعتماد کو فروغ دینا تھا۔ دورے کے دوران ڈی آئی جی کوئٹہ نے بچوں سے خود ملاقات کی اور انہیں پولیس کے تنظیمی ڈھانچے، روزمرہ کے فرائض اور عوامی خدمت کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔اس موقع پر بچوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران شوکت نے واضح کیا کہ پولیس عوام کی حاکم نہیں بلکہ خادم ہے اور اس کا اولین مقصد شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بچوں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس مددگار نمبر “15” کی اہمیت بتائی اور تمام بچوں کو یہ نمبر زبانی یاد کروایا تاکہ وہ کسی بھی مشکل وقت میں فوری رابطہ کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ہر شہری کی محافظ ہے اور ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے سب پر قانون کی پاسداری لازم ہے۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے بچوں کو “ریڈ لائن” (قانون کی حد) کے تصور سے بھی روشناس کرایا اور تاکید کی کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا حد عبور کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے، اور ایسی کسی بھی صورتحال میں فوری طور پر پولیس کو مطلع کرنا چاہیے۔ دورے کے دوران بچوں نے تھانے کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور پولیس کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو قریب سے دیکھا۔ تعلیمی و سماجی حلقوں نے پولیس کے اس اقدام کو بچوں کی تربیت اور کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے ایک مثبت کاوش قرار دیا۔

WhatsApp
Get Alert