پیٹرولیم مصنوعات میں ظالمانہ اضافے، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف لورالائی، سبی اور ہرنائی میں احتجاجی مظاہرے، عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ناقابل قبول ہے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی


لورالائی / سبی / ہرنائی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیر اہتمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے، ہوشربا مہنگائی، بے روزگاری اور امن و امان کی ابتر صورتحال کے خلاف ضلع لورالائی، سبی اور ہرنائی میں بھرپور احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ لورالائی میں مرکزی سیکریٹری چیئرمین اللہ نور کاکڑ کی صدارت میں شاندار احتجاجی جلسہ منعقد ہوا جس میں مقررین نے پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کو عوام کی معاشی کمر توڑنے کے مترادف قرار دیا اور قیمتوں میں فوری کمی کا مطالبہ کیا۔ سبی میں صوبائی ڈپٹی سیکریٹری احمد خان لونی کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں پیٹرولیم قیمتوں کے علاوہ امن و امان کی خراب صورتحال، طویل لوڈشیڈنگ اور کڑک تلی خجک روڈ کی بندش کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ مہنگائی کا سارا بوجھ غریب عوام اور محنت کشوں پر ڈالا جا رہا ہے۔

اسی طرح ہرنائی میں ضلعی رہنما حاجی دوران کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے ہرنائی تا کوئٹہ اور سنجاوی روڈ کی خستہ حالی اور بندش پر شدید احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں کی فوری تعمیر اور امن و امان کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ نے اپنے مشترکہ بیان میں حکمرانوں کی غلط معاشی پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول، بجلی اور گیس پر بھاری ٹیکس عائد کر کے اشرافیہ کو ریلیف اور غریب عوام کو معاشی بحران میں دھکیلا جا رہا ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی ٹیکس فوری واپس لیے جائیں بصورت دیگر احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert