بلوچستان اسمبلی اجلاس13 اپریل کو ہوگا انسدادِ گداگری اور اوورسیز کمیشن سمیت اہم مسوداتِ قانون منظوری کے لیے پیش
گوادر کے ماہی گیروں کی جنوبی کوریا روانگی میں تاخیر پر توجہ دلاو نوٹس؛ لائیو اسٹاک سے متعلق سوالات وقفہ سوالات کا حصہ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان صوبائی اسمبلی کی بارہویں اسمبلی کا 19 واں اجلاس پیر 13 اپریل 2026 کو سہ پہر 3:00 بجے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں طلب کر لیا گیا ہے، جس کا تفصیلی ایجنڈا (ترتیبِ کارروائی)سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ نے جاری کر دیا ہے۔ اجلاس کے ایجنڈے میں قانون سازی، توجہ دلا نوٹس اور عوامی اہمیت کے حامل مختلف سوالات شامل ہیں۔اجلاس کی کارروائی تلاوتِ کلامِ پاک سے شروع ہوگی، جس کے بعد وقفہ سوالات کے دوران محکمہ ملازمت ہائے عمومی نظم و نسق (S&GAD) اور محکمہ لائیو اسٹاک سے متعلق سوالات کے جوابات دیئے جائیں گے۔ رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ گوادر کے ماہی گیروں کے حوالے سے ایک اہم توجہ دلا نوٹس پیش کریں گے، جس میں وزیر لیبر اینڈ مین پاور سے استفسار کیا جائے گا کہ تربیت اور دستاویزات کی فراہمی کے باوجود گوادر کے ماہی گیروں کو تاحال جنوبی کوریا کیوں نہیں بھیجا گیا اور حکومت انہیں کب تک روانہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔آج کے اجلاس میں قانون سازی کے حوالے سے اہم پیش رفت متوقع ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے سوشل ویلفیئر کی جانب سے “بلوچستان انسدادِ گداگری مسودہ قانون 2025” پیش کیا جائے گا اور اس کی منظوری کے لیے تحریک پیش کی جائے گی۔ اسی طرح محکمہ محنت و افرادی قوت کی جانب سے “بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (B-TEVTA) ترمیمی مسودہ قانون 2026” اور “بلوچستان اوورسیز پاکستانیز کمیشن مسودہ قانون 2026” بھی ایوان میں منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ایجنڈے کے مطابق محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے “بلوچستان سروس ٹریبونل ترمیمی مسودہ قانون 2026” پیش کیا جائے گا، جبکہ وزیر تعلیم “بلوچستان یونیورسٹیز ترمیمی مسودہ قانون 2026” ایوان میں پیش کریں گی۔ اس مسودہ قانون کے حوالے سے ایوان سے قواعد کی چھوٹ (Exemption) بھی طلب کی جائے گی تاکہ اسے فی الفور زیرِ غور لا کر منظور کیا جا سکے۔ اسمبلی سیکرٹریٹ نے تمام اراکین کو اجلاس میں بروقت شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
