کوئٹہ میں چوری کی بڑی واردات، ایک ہی خاندان کے 4 گھروں سے 52 کلو چاندی، 39 تولے سونا اور کروڑوں روپے نقدی غائب


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں چوری کی ایک سنسنی خیز اور بڑی واردات پیش آئی ہے، جہاں نامعلوم چوروں نے ایک ہی وقت میں ایک ہی خاندان کے چار گھروں کے تالے توڑ کر 52 کلو گرام چاندی، تقریبا 39 تولے سونا اور ایک کروڑ 20 لاکھ روپے نقدی سمیت کروڑوں مالیت کا سامان لوٹ لیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ تھانہ پشتون آباد میں نذیر احمد کی مدعیت میں درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاندان لیاقت بازار میں جیولر (سونار) کا کام کرتا ہے اور گزشتہ شب متاثرہ خاندان کے چھ گھرانے ایک کزن کی شادی میں شرکت کے لیے گئے ہوئے تھے۔ متاثرہ شخص نذیر احمد کے مطابق ان کے گھر سے 50 کلو چاندی کے بلاکس، 60 لاکھ روپے نقدی اور 200 گرام سونا چوری ہوا۔ اسی طرح دیگر کزنز شبیر احمد، خان محمد اور زبیر کے گھروں سے بھی لاکھوں روپے نقدی، سونا، چاندی اور لائسنس یافتہ پستول چوری کر لیا گیا۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ چور اپنے ساتھ سی سی ٹی وی کی ڈی وی آر (DVR) بھی لے گئے، تاہم دیگر کیمروں کی فوٹیج سے معلوم ہوا ہے کہ گھر والوں کے نکلنے کے محض 17 منٹ بعد تین افراد موٹر سائیکل پر آئے اور واردات شروع کی۔ ایف آئی آر کے مطابق مجموعی طور پر چوری ہونے والے مال کی مالیت مارکیٹ ریٹ کے حساب سے 5 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert