کوئٹہ میں گیس لوڈشیڈنگ ‘ سوئی سدرن گیس کے نئے شیڈول کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر، اوگرا اور گیس حکام طلب


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ممتاز قانون دان ایڈووکیٹ سید نذیر آغا نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی فراہمی کے نئے شیڈول کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی ہے۔ عدالتِ عالیہ نے درخواست پر سماعت کے لیے 16 اپریل کی تاریخ مقرر کی ہے، جس میں سوئی سدرن گیس کمپنی اور اوگرا (OGRA) کے نمائندوں کو طلب کیا گیا ہے تاکہ وہ نئے اوقات کار کے حوالے سے عدالت میں جواب جمع کرائیں۔ سید نذیر آغا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی فراہمی کا نیا شیڈول شہریوں کے ساتھ سراسر ظلم ہے، جس سے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، جو عوامی مشکلات کا گہرا ادراک رکھتے ہیں، اس معاملے پر عوام کے حق میں فیصلہ صادر فرمائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 16 اپریل کو ہونے والی سماعت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور انہیں یقین ہے کہ عدالتِ عالیہ گیس کمپنی کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے کر شہریوں کو ریلیف فراہم کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert